Friendly Bugs for Plants - دوست کیڑے

 پودوں، پھلوں اور پھولوں  کے دوست کیڑے

کیاریوں  میں کیمیائی سپرے کرتے وقت آپکے پھولوں پھلوں  کے محافظ دوست کیڑے بھی کیمیائی پیسٹی سائیڈز کی زد میں آ کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔ یہ دوست کیڑے  پھل پھول  کو نقصان دینے والے دشمن کیڑوں کو کھاتے ہیں اور ان دوست کیڑوں کی موجودگی میں دشمن کیڑوں کی تعداد نہیں بڑھ پاتی۔ مغربی ممالک میں یہ دوست کیڑے گارڈن سینٹرز اور سٹوروں پر آسانی سے مل جاتے ہیں اور کسان انہیں اپنی کیاریوں میں دشمن کیڑوں کے حیاتیاتی کنٹرول کییلیئے ڈالتے ہیں. ان دوست کیڑوں کی موجودگی میں کیمیائی پیسٹی سائیڈز کی ضرورت ہی نہیں رہتی۔

حشرات میں تقریبا" %80 فیصد حشرات 'کسان دوست' ہیں جو پھلوں اور پھولوں کی پولینیشن(عملِ زِیرگی) اور نقصان دہ کیڑوں کے خاتمے میں مُعاون ہوتے ہیں اور انکو پھلوں اور پھولوں کا مُحافظ تصور کیا جاتا ہے- بدقسمتی سے کیمیائی زہروں کے بےدریغ استعمال کی وجہ سے نہ صرف یہ کسان دوست حشرات ختم ہو رہے ہیں بلکہ ان حشرات کو کھانیوالے پرندوں کی نسلیں بھی صفحہِ ہستی سے مِٹتی جا رہی ہیں-

ان مُفید حشرات اور کیڑوں میں کینچوے' مکڑیاں' تتلیاں' شہد کی مکھیاں' سانپ کی نانیاں(گراؤنڈ بِیٹلز)' پیلی کِیڑیاں اور کچھ دیگر مکھیاں شامل ہیں- ان مُفید حشرات اور کیڑوں کی غیرموجودگی کی صورت میں نقصان دہ کیڑوں کے حملے بڑھ جاتے ہیں-قُدرت نے ایک توازن قائم رکھا ہوا ہے- یہ مُفید حشرات اور کیڑے نقصان دہ کیڑوں اور مکھیوں کو اپنی خوراک بناتے ہیں- لیکن کیمیائی زہریں بِلاامتیاز ان مُفید کیڑوں کا بھی صفایا کر جاتی ہیں-


مغربی ممالک میں یہ مُفید کیڑے اور ان کے انڈے کاشتکاروں اور باغبانوں کیلیئے سٹورز' گارڈن سینٹرز اور آن لائن سٹورز پر دستیاب ہوتے ہیں- اگر آپ گندم پر تیلے کی یلغار کے دنوں میں پیلی کیڑیاں(لیڈی برڈز) اپنی کیاریوں  میں شام کے وقت ڈالیں تو یہ پیلی کیڑیاں(لیڈی برڈز) آپکی کیاریوں  سے کچھ ہی دنوں میں تیلے کا صفایا کر دیں گی- تیلے انکی لذیذہ خوراک ہیں- آزمائش شرط ہے۔

اس سیّارہِ زمین پر صرف انسانوں کا حق نہیں بلکہ اللہ کی دیگر تمام مخلوقات کا بھی برابر حق ہے- اسلیئے اپنی کیاریوں  اور باغات میں ان کیمیائی زہروں کا چھڑکاؤ کرتے ہوئے اللہ کی دوسری مُفید مخلوقات کا بھی خیال رکھیں اور خاص طور پر ایسے حشرات اور کیڑوں' جو آپکی فصلوں اور باغات کے مُحافظ ہیں' کا ضرور خیال رکھیں- بلکہ ایسا ماحول بنائیں کہ یہ 'کسان دوست' حشرات اور کیڑے آپکی کیاریوں اور باغات میں زیادہ پروان چڑھ سکیں' کیمیائی پیسٹی سائیڈز پر پیسے نہ خرچ کر کے آپ اپنی کیاریوں اور باغات سے زیادہ سے زیادہ منافع کما سکیں اور کیمکلز سے پاک پھل اور سبزیاں اگا کر پاکستانی قوم کو ایک صحتمند قوم بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں

Comments