کتب کا مطالعہ خواندہ افراد کا ایک بہترین مشغلہ ہوا کرتا تھا، مگر جدید دور کے دیگر سہولیات نے اس عادت کو کم کرڈالا۔ کتب بینی کا شوق پاکستانی عوام میں بتدریج کم سے کم تر ہوتا جا رہا ہے، کہیں لوگ اپنی مصروفیات کا رونا روتے ہیں تو کہیں دورجدید کی نئی ٹیکنالوجی انسان کی کتاب سے محبت کے درمیان آڑے آئی ہوئی ہے، کہیں انٹرنیٹ، ٹی وی اور دیگر شعبے چیلنج بنے ہوئے ہیں تو کہیں کاغذ اورچھپائی کے اخراجات کتاب کی قیمتیں بڑھارہی ہیں۔ لیکن اب بھی کئی ادارے ہیں جو عوام میں کتب بینی کے شوق کے فروغ کے لئے سرگرم ہیں، انہی میں سے حکومت پاکستان کا ایک ادارہ "نیشنل بک فاؤنڈیشن " بھی ہے۔
نیشنل بک فاؤنڈیشن 1972 میں ایک ایکٹ کے تحت قائم کیا گیا ادار ہے جو ملک میں فروغ کتب بینی اور رعائیتی قیمتوں پر عوام کے لئے کتب کی دستیابی کو یقینی بناتا ہے۔ اس کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہے جبکہ ریجنل آفسز ہر صوبے کے صدرمقام پر اور کئی ایک برانچ آفسز اور بکلیٹ شاپس بھی ہیں۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اپنے کتب سٹورز ہیں جہاں پر رعائیتی قیمتوں پر کتب دستیاب ہیں، جبکہ ملک میں بہت سارے پرائیوٹ کتب سٹورز کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت عوام کو کتابیں آدھی قیمت پر دستیاب ہیں۔ آدھی قیمت صارف کو جبکہ آدھی قیمت نشنل بک فاؤنڈیشن ادا کرتا ہے۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر تمام بک سٹورز کی لسٹ موجود ہے۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کی ڈسکاؤنٹڈ بک پرائس کا فائدہ اُٹھانے کے لئے اُن کی ممبرشپ لینی پڑتی ہے جس کا طریقہ کار نہایت ہی آسان ہے۔ ممبر شپ فارم میں ضروری کوائف بھر کر، اپنی دو (2)پاسپورٹ سائز تصاویر اور قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، فارم کے ساتھ منسلک کرنا پڑتے ہیں جبکہ فیس نہایت ہی کم رکھی گئی ہے یعنی صرف ایک سو بیس روپیہ(120)۔ میرے خیال میں ایک سو بیس روپیہ میں ہر کتاب پر پچاس اور پچپن فیصد رعایت ایک بہترین سہولت ہے۔ جبکہ ممبرشپ فارمز نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ہیڈآفس، علاقائی دفاتر میں دستیاب ہیں، جبکہ ممبرشپ فارم جمع کرتے وقت ہی دے دی جاتی ہے۔ یہ ایک بہترین سہولت ہے اور میرےجیسے افراد جو کتابوں کی قیمتوں کا رونا روتے ہیں میرے خیال میں اُن کے لئے اب کوئی عذر نہیں رہے گی۔ پشاور میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کا دفتر حیات آباد میں ہے ۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے سٹور سے کتابیں خریدنے پر 55فیصد ڈسکاؤنٹ جبکہ دیگر کتب سٹورز پر 50فیصد تک رعایت دی جاتی ہے ۔ پشاور میں یہ رعایت "یونیورسٹی بک ایجنسی" خیبر بازار، "معراج کتب خانہ" قصہ خوانی بازار اور "لندن بک سٹور" پشاور صدر میں دستیاب ہے۔دیگر شہروں کے افراد اپنے شہر کے نیشنل بک فاؤنڈیشن کے علاقائی دفاتر سے رابطہ کرنے پر معلومات حاصل کرسکتے ہیں یا ویب سائٹ پرموجود لسٹ ملاحظہ کیجئے۔
نیشنل بک فاؤنڈیشن پشاورآفس کا ٹیلی فون نمبر091-9217273 ہے۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر تمام علاقائی دفاتر کے ٹیلی فون نمبرز اور ایڈریسز موجود ہیں۔ آئیں اس سہولت سے فائدہ اُٹھائیں اور کتب بینی کی عادت کو اپنائے کیونکہ بقول شخصے ایک کتاب ہزار دوستوں سے بہتر ہے۔
میں نے بھی ایک بار ممبر شپ لی تھی۔بہت زبردست اسکیم ہے اور آپ کے بروقت بتانے کا بہت شکریہ ورنہ اکثر اس کی ممبر شپ کا پتہ نہیں چلتا ۔
ReplyDeleteاز احمر
ReplyDeleteبہت شکریہ